پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے حکومت مخالف مہم میں تعاون مانگتے ہوئے انہیں سوشل میڈیا پر مہم، مظاہروں اور عوامی نمائندوں کو خط لکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
اوور سیز پاکستانیوں سے آن لائن خطاب میں عمران خان نے برون ملک مقیم پی ٹی آئی کے حامیوں اور تمام پاکستانیوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ممالک کے عوامی نمائندوں کو خط لکھ کر مداخلت کے حوالے سے سوال کریں اور ہماری جدوجہد کو کامیاب بنانے کیلئے چندہ بھی بھیجیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کے خلاف ہونے والی سازش کے خلاف عوامی احتجاج قابل تعریف ہے، پہلی بار پاکستانیوں کا یہ جذبہ دیکھا جو کسی بھی صورت غلامی کیلئے تیار نہیں بلکہ آزاد پاکستان کے خواہش مند ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی امریکہ یا یورپ کے مخالف نہیں رہے، بلکہ وہ ان سے ہمیشہ دوستی کے خواہاں ہیں، لیکن امریکہ پاکستان سے روس سے تیل کی کم قیمت طے کرنے کے معاملے پر ناراض ہوا، کیونکہ امریکہ کو پاکستان میں آزاد حکومت کی عادت نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہٹا کر نااہل لوگوں کو لایا گیا اور حکومت گرانے کیلئے سندھ ہاؤس میں لوٹوں کی منڈی لگائی گئی، ماضی میں مشرف امریکی دھمکی برداشت نہ کرسکا اورافغان جنگ میں کود گیا، نائن الیون سے پاکستان کا کوئی لینادینا نہیں تھا مگر پاکستان کو بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جس میں ہماری 80 ہزار لوگ جانوں سے گئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ادارے آج یہ جان لیں کہ قوم امریکی سازش کے بیانیے پر کہاں کھڑی ہے اور اس کی خواہش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ہاتھ پھیلا کر پیسے مانگنے سے شرم آتی تھی لیکن میں نے پاکستان کیلئَ پیسے مانگے، بدقسمتی سے ہماری حکمران اشرافیہ کرپٹ، نرم مزاج اور غلام ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ ہم امریکہ
کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔
No comments:
Post a Comment