چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ملک تباہ ہورہا ہے، مہنگائی کہاں سے کہاں پہنچ گئی اور لوگ میری گھڑی کے پیچھے پڑے ہیں، میری ذاتی گھڑی تھی بیچوں یا جو کچھ کروں یہ میری مرضی ہے؟ میڈیا لوگوں کے معاشی قتل عام پر خاموش کیوں ہے؟
لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر ملک ڈیفالٹ کرگیا تو ان لوگوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، نیب ترامیم کے ذریعے یہ سب بچ جائیں گے، راناثنااللہ، مریم نواز اور اب سلیمان شہباز بھی کرپشن سے پاک ہوجائے گا۔
نئے آرمی چیف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نیا آرمی چیف آیا ہے اسے وقت دینا چاہیے، نئے آرمی چیف حافظ قرآن ہیں اور ان کی بہت تعریفیں سنی ہیں ہم تو ان سے بہت امید لگائے بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی کا سب سے زیادہ شور مچایا ہوا تھا لیکن اب پاکستان میں 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے نااہل قرار دیا گیا تو الیکشن کمیشن کی مزید کوئی عزت نہیں رہے گی، اپنے اعلان کے مطابق دسمبر میں ہی اسمبلیاں تحلیل کریں گے، جب ہماری تیاری ہوگی تو اسمبلیاں تحلیل کریں گے، سب کو پتا ہے کہ انہیں ملک کے طاقتور نے این آر او ٹو دیا۔
توشہ خانہ کی گھڑیوں کے معاملے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں ملک تباہ ہورہا ہے اور لوگ گھڑیوں کا معاملہ لے کر بیٹھے ہوئے ہیں، پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ میں نے اپنی گھڑی بیچی تو اس پر شور مچا ہوا ہے، میری ذاتی گھڑی تھی میں بیچوں یا جو کچھ کروں یہ میری مرضی ہے، میں میڈیا سے پوچھتا ہوں کہ وہ ملک تباہ ہونے اور لوگوں کے معاشی قتل عام پر خاموش کیوں ہے؟
No comments:
Post a Comment